پریم چندکی افسانوی شخصیت قدیم و جدید افکار و نظریات کا سنگم تھی۔ ایک طرف وہ ان صحت مند روایات و اقدار اور تہذیب و تمدن کے پاسدار تھے جو ماضی کے ہندوستان کی شناخت تھی، دوسری طرف وہ نئے علوم و فنون کے دلدادہ اور اپنے ہم وطنوں میں انھیں رائج کرنے کے خواہاں تھے۔ اِسی لیے ہندوستانی ادب میں ان کی ہمہ جہت فکری اور فنی کاوشوں کو ایک مستقل عنوان کی حیثیت حاصل رہی ہے، جس کا سلسلہ ہنوز بر قرار ہے۔ ان کی جدّتِ طبع اور نُدرتِ اظہار کا اعتراف یوں تو ان کی زندگی ہی میں ہونا شروع ہو گیا تھا مگر وقت کے ساتھ ساتھ ان کی ارضیت پسندی، انسان دوستی اور ادبی وسیع النظری کا اعتراف بڑھتا ہی گیاہے۔
برسوں بعد بھی ان کی اہمیت و انفرادیت کا یہ سب سے بڑا اظہار ہے کہ روایتی ادب ہو یا حقیقت پسندی کا دور، رومانی طرزِ احساس ہو یا ترقی پسند رُجحان، جدیدیت کا زمانہ ہو یا ما بعد جدیدیت، پریم چند کی تفہیم ہر دور اور ہر ادبی رُجحان کے تناظر میں کی گئی ہے۔ مختلف نقطہ ہائے نظر رکھنے والوں نے مختلف زاویہئ نگاہ اختیار کیا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ سماج و ادب کی اصلاح سے تعلق رکھنے والے مصلحین و مبلغین نے ہی نہیں بلکہ علم وفن کے دانشوروں نے پریم چند کو کسی نہ کسی زاویے سے اپنایا ہے اور یہی ایک بڑے تخلیق کار کا اعزاز ہوتا ہے کہ دوسرے فن کار اپنے تخلیقی تجربوں کو اس کے آئینے میں دیکھنے کی سعی کرتے ہیں۔
ایک چھوٹی مگر اہم مثال پیش کرنا چاہتا ہوں۔ صنف افسانہ میں پریم چند کے ساتھ راشد الخیری کا بڑا نام سامنے آتاہے۔ یا راشد الخیری کے ساتھ پریم چند منظرِ عام پر آتے ہیں۔ دونوں فنکار1936میں اِس دُنیا سے رُخصت ہوئے۔ راشد الخیری کے 27/افسانوی مجموعوں، 11/معاشرتی اور 10/نیم اسلامی ناولوں کے ساتھ تاریخ وسیرت پر آٹھ، شاعری کے دو اور مضامین کے نو مجموعے شائع ہوئے۔ ان کے ادب کا محور مشرقی روایات اور تہذیب کو قائم رکھنے کی کوشش، نیز طبقہئ نسواں کی فلاح رہا ہے۔ دونوں نے عملی جدوجہد میں بھی حصّہ لیا۔ پریس لگایا، اخبار ورسائل نکالے۔ ایک نے مسلمانوں کی عظمتِ رفتہ کو نمایاں کرنے کی کوشش کی تو دوسرے نے عام انسانی عظمت کو بنیادی موضوع بنایا۔ ایک کے یہاں دُرافشانی ہے تو دوسرے نے عام فہم الفاظ کے ذریعے معاشرے کی نبض پر ہاتھ رکھا اور کارآمد نسخہ تجویز کیا۔ اِس طرح بیسویں صدی کے ابتدائی ایام سے آج تک کے افسانوی ادب (اس میں غیر افسانوی ادب بھی شامل کرسکتے ہیں) کا تجزیاتی محاکمہ کریں تو پریم چند کی حیثیت ایک ایسے نقیب کی اُبھرتی ہے جو شش جہت آزادی، خوشحالی، یکجہتی اور مساوات کا متلاشی رہاہے۔ انھوں نے بدلتے ہوئے وقت کے مطابق ادب